راولپنڈی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے انکشاف کیا کہ ان کے بھائی، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے جیل سے پارٹی قیادت کو ایک سخت اور واضح پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ذاتی اختلافات اور اندرونی لڑائیاں ختم کر کے تحریک کو دوبارہ منظم کیا جائے۔
علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں اور وہ جیل میں قید تنہائی کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے تاکہ اپنے بھائی کی زندگی اور قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نشانہ بنا کر عمران خان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن عمران خان نے یہ مؤقف اپنایا ہے کہ وہ مذاکرات صرف ملک و قوم کے مفاد کے لیے کریں گے نہ کہ کسی ذاتی فائدے یا ڈیل کے لیے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں اخبار، ٹی وی تک کی سہولت سے محروم کر کے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان پر ظلم کرنے کے لیے جیل سپرنٹنڈنٹ کو خاص طور پر بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ جھوٹ بول رہا ہے جب کہ عمران خان ہمیشہ سچ بولتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا پورا خاندان بشمول ان کے بھائی اور بھانجا سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہا ہے اور انہیں غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تحریک انصاف کا اصل مقصد بے گناہ قیدیوں کی رہائی اور انصاف کی بحالی ہونا چاہیے۔