بہاولنگر (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — پنجاب بھر میں جاری شدید بارشوں نے جہاں موسم خوشگوار بنایا، وہیں قیمتی انسانی جانیں بھی نگل لیں۔ بہاولنگر میں بارش کے پانی سے بنے گڑھے میں نہاتے ہوئے تین معصوم بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا تھا۔ اسی پانی میں نہاتے ہوئے تین بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں مقامی افراد نے نکالیں۔
فیصل آباد میں بھی بارش نے قیامت ڈھا دی۔ ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ متاثرہ خاندان کے افراد بارش سے بچنے کے لیے ایک کمرے میں جمع تھے کہ اچانک چھت منہدم ہو گئی۔ ادھر حافظ آباد میں پانی کے نکاس پر تنازع جان لیوا ثابت ہوا۔ دو فریقین کے درمیان جھگڑے کے دوران اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اب تک بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 45 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔