اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی ترقی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے دینے کے لیے فوری لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے زرعی منصوبہ بندی اور ایگری فنانسنگ سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ 12 ایکڑ یا اس سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو زرعی سہولیات کی فراہمی میں ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی زرعی شعبے کی بہتری اور کسانوں کی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن سے براہ راست جڑی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں زرعی پیداوار بڑھانے اور خود کفالت کی طرف بڑھنے کے لیے چھوٹے کسانوں کو سہولیات دینا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اجلاس میں یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ زرعی قرضوں کی فراہمی کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شفاف اور تیز تر بنایا جائے، تاکہ مستحق کسانوں تک آسانی سے رسائی ممکن ہو۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قلیل مدت میں ایک جامع فنانسنگ پلان پیش کریں جس سے نہ صرف کسانوں کی مالی مشکلات کم ہوں بلکہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی فروغ ملے۔