لاہور (ایم وائے کے نیوز) — بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے صاف انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی 11 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاکہ بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے پولی گرافک ٹیسٹ کروایا جا سکے، تاہم عمران خان نے وکلا کی غیر موجودگی کو بنیاد بناتے ہوئے ٹیسٹ کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ نے جب عمران خان کو سیل سے باہر بلانے کی کوشش کی تو انہوں نے آنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد تفتیشی ٹیم کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے جیل کے اندر تقریباً ایک گھنٹہ گزارا، لیکن عمران خان نے نہ صرف پولی گرافک ٹیسٹ بلکہ کسی بھی قسم کی تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کیا۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں متعدد مقدمات زیر تفتیش ہیں، جن میں عمران خان سمیت کئی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ عمران خان کے انکار کے بعد یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اگلا قانونی یا تفتیشی لائحہ عمل کیا ہو گا۔ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس حوالے سے مزید مشاورت کر رہے ہیں۔