سرگودھا (ایم وائے کے نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات اور بھارت کی جارحیت میں زیادہ فرق نہیں۔ وہ سرگودھا میں طلبہ سے خطاب کر رہی تھیں جہاں انہوں نے نوجوانوں کو ذہنی طور پر باشعور اور ملک کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
مریم نواز نے کہا کہ جس طرح لیپ ٹاپ کو وائرس سے بچا کر رکھا جاتا ہے، اسی طرح اپنے ذہن کو بھی سیاسی "وائرس” سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو وہ کام ہے جو دشمن کئی دہائیوں میں نہ کر سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت نے وہی کیا جو دہشتگرد کرتے ہیں، اور ان کا ٹارگٹ ہماری مسلح افواج اور دفاعی تنصیبات تھیں۔ مریم نواز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فتنہ و فساد کا ایندھن نہ بنیں، اور کبھی بھی اپنی دھرتی ماں کے خلاف نہ بولیں، بلکہ ملک کی آہنی دیوار بنیں۔