پشاور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 6 نشستوں پر قبضہ جما لیا، جب کہ اپوزیشن جماعتوں کو 5 نشستوں پر کامیابی ملی۔ 11 نشستوں پر ہونے والے اس اہم انتخاب میں اسمبلی کے تمام 145 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق، 7 جنرل نشستوں میں سے 4 پر پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب قرار پائے جن میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور نورالحق قادری شامل ہیں۔ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ن لیگ کے نیاز احمد، پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود اور جے یو آئی کے عطا الحق جنرل نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے۔
مراد سعید نے 26 ووٹ حاصل کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، فیصل جاوید کو 22، نورالحق قادری اور مرزا آفریدی کو 21، 21 ووٹ ملے۔ خواتین کی دو مخصوص نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز کو کامیابی ملی جنہیں 89 ووٹ ملے، جب کہ دوسری نشست پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کے حصے میں آئی۔ ٹیکنوکریٹ نشستوں پر بھی مقابلہ سخت رہا جہاں پی ٹی آئی کے اعظم سواتی اور جے یو آئی کے دلاور خان کامیاب قرار پائے۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان کو ایک بھی ووٹ نہ مل سکا، جس سے پارٹی اتحاد کی مضبوطی واضح ہو گئی۔ یہ انتخاب دراصل ایک طے شدہ فارمولے کا نتیجہ ہے جس میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان 6:5 کا تناسب طے پایا تھا اور دونوں جانب سے اسی کے مطابق نشستیں حاصل کی گئیں۔