لاہور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) سینئر سیاستدان، سابق گورنر پنجاب، اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں اظہر انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق میاں اظہر کچھ عرصے سے علیل تھے اور علاج کے مراحل سے گزر رہے تھے۔
میاں اظہر پاکستان کی سیاست کا ایک معتبر نام تھے جنہوں نے بلدیاتی سیاست سے لے کر قومی اسمبلی، گورنری، اور پارٹی قیادت تک ہر سطح پر اپنی موجودگی اور بصیرت سے قوم کی رہنمائی کی۔
ان کا تعلق لاہور سے تھا جہاں وہ لاہور کے میئر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے قومی اسمبلی کی نشست حاصل کی اور گورنر پنجاب کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے مسلم لیگ سے راہیں جدا کیں اور مسلم لیگ (ق) کی بنیاد رکھی، جسے ان کی سیاسی بصیرت کا اہم سنگ میل مانا جاتا ہے۔ بعد ازاں وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے اور سیاست میں متحرک کردار ادا کرتے رہے۔
میاں اظہر، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے والد تھے۔ ان کے انتقال کی خبر کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے، اور مختلف جماعتوں کے قائدین نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔