لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے لیے کھیلنے والے جنوبی افریقی بلے باز ریلی روسو نے پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگ قرار دیا۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ریلی روسو نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ جگہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل تھری میں دیگر کرکٹرز کی طرح کچھ شکوک و شبہات بھی تھے لیکن جب وہ پہلی بار آئے تو دنیا کو بتانے کا سوچا کہ پاکستان کیسا ملک ہے۔
ریلی روسو نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے لیے پاکستان واپس آنا بہت اچھا ہے۔
پی ایس ایل 7 میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم نے شاندار آغاز کیا، امید ہے کہ وہ جاری رکھیں گے۔
جنوبی افریقی بلے باز نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ کا معیار بہترین ہے اور پاکستان سپر لیگ تمام لیگز میں سرفہرست ہے۔
ریلی روسو نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں پروفیشنلزم مثالی ہے، پاکستان سپر لیگ میں جس طرح فاسٹ باؤلرز نظر آ رہے ہیں وہ حیرت انگیز ہے۔