کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری، ایشیا کپ 2025 کے ممکنہ شیڈول سے پردہ اٹھا لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس بڑے ایونٹ کا آغاز 4 یا 5 ستمبر سے متوقع ہے، جس کی میزبانی بھارت کرے گا، تاہم یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے حتمی فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے، جس میں شیڈول اور وینیوز کی سرکاری تصدیق کی جائے گی۔ تاہم سب سے بڑی توجہ کا مرکز ایک بار پھر روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ٹاکرا ہے، جو رپورٹ کے مطابق 7 ستمبر کو دبئی میں ہونے کا امکان ہے۔ ایشیا کپ 2025 میں بھارت اور پاکستان سمیت کل 6 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ایونٹ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کم از کم دو بار مقابلہ یقینی قرار دیا جا رہا ہے، یعنی کرکٹ کے دیوانوں کے لیے ڈبل دھماکہ متوقع ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو یہ ٹاکرے کی تعداد تین ہو سکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ بھارت اس بار بھی میزبان ہے، مگر پاکستان کے ساتھ تعلقات کی نزاکت کے باعث ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل پر ہوگا، جس کے تحت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو مرکزی وینیو چُنا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر سری لنکا کا نام بھی شریک میزبانی کے لیے زیر غور تھا، تاہم موجودہ جغرافیائی اور سفارتی حالات کے باعث یو اے ای کو زیادہ موزوں سمجھا گیا۔