(ایم وائے کے نیوز) اسلام آباد – پاکستان میں ذی الحج 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 7 جون بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔ یہ اطلاع رویت ہلال کمیٹی کے ذرائع نے دی ہے، جبکہ حتمی اعلان کچھ دیر بعد متوقع ہے۔
آج منگل کے روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اسی دوران ملک بھر کی زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیاں بھی اپنے اپنے علاقوں میں جمع ہوئیں، تاہم کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے سربراہ مفتی رمضان سیالوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں چاند نظر آنے کا وقت ختم ہوچکا اور مقررہ وقت کے دوران کسی قسم کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اسی طرح کراچی، سندھ، اور پشاور سے بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ علامہ حافظ سلفی نے تصدیق کی کہ کراچی اور اطراف میں چاند نہیں دیکھا گیا اور اس بارے میں مرکزی کمیٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یوں فلکیاتی پیش گوئیوں کے مطابق، سپارکو اور ماہرین فلکیات کی جانب سے جو تاریخ بتائی گئی تھی، وہ درست ثابت ہوئی، اور عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 بروز ہفتہ ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔