28 مئی 2025 – پاکستان کے جوہری طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر کی سیاسی قیادت نے قوم کو مبارکباد دی اور جوہری پروگرام کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں کہا: "پاکستان کی جانب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، آج کے دن اللہ تعالیٰ نے قوم کو بڑی کامیابی عطا کی، اللہ تعالی پاکستان کی حفاظت فرمائے۔” انہوں نے جوہری طاقت کے حصول کو قومی سلامتی اور خودمختاری کا سنگِ میل قرار دیا۔
بلاول بھٹو نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی کاوشوں کو یاد کیا: "یومِ تکبیر نہ صرف فخر کا دن ہے بلکہ ہماری قوم کے غیرمتزلزل عزم کی علامت بھی ہے۔” انہوں نے سائنسدانوں، انجینئرز، اور مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ پاکستان کا ایٹمی دفاع آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط ڈھال ہے۔
سرفراز بگٹی نے یومِ تکبیر کو پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن قرار دیا: "ایٹمی صلاحیت نے دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا۔ بلوچستان نے ہمیشہ پاک فوج مخالف پراپیگنڈا مسترد کیا۔”
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ "یومِ تکبیر پاکستان کے عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے طور پر ابھرنے کا سنہرا دن ہے۔”انہوں نے کہا کہ یہ دن قومی اتحاد اور خودمختاری کی علامت ہے اور ہمیں قومی مفاد کو ہر فیصلے میں مقدم رکھنا چاہیے۔ یومِ تکبیر کے موقع پر سیاسی قیادت کا پیغام واضح ہےپاکستان ایک پرامن، خودمختار اور ناقابلِ تسخیر ریاست ہے، جو اپنی جوہری طاقت کو دفاع اور امن کی ضمانت کے طور پر دیکھتی ہے۔