کوئٹہ – بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں اچانک ہونے والے دھماکے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ دھماکہ سرہ غڑگئی کے مقام پر پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد سگے بھائی تھے جن کی شناخت عبدالسلام اور عبدالنافع کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور فضا میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں بھی سوئی بازار کے مقام پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں لیویز فورس کا ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔