سنگاپور – کئی ماہ کی خاموشی اور انکار کے بعد بالآخر بھارتی افواج نے پہلی بار تسلیم کر لیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کے دوران ان کے جنگی طیارے تباہ ہوئے تھے۔ شنگری لا ڈائیلاگ کے دوران بلومبرگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے تصدیق کی کہ پاکستان کے ساتھ فضائی تصادم میں بھارت نے کچھ طیارے کھوئے ہیں۔
جب ان سے براہِ راست سوال کیا گیا کہ آیا پاکستان نے بھارت کا کوئی طیارہ گرایا ہے تو جنرل انیل چوہان نے ہچکچاتے ہوئے اعتراف کیا کہ "ہاں، ایسا ہوا ہے”۔ تاہم انہوں نے یہ واضح کرنے سے گریز کیا کہ کتنے طیارے گرے اور کون سے ماڈلز شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم یہ نہیں کہ طیارے کیوں گرے بلکہ یہ ہے کہ غلطی کا ادراک کیا گیا، اس کی اصلاح کی گئی اور بعد ازاں دوبارہ مؤثر کارروائی کی گئی۔
یہ اعتراف اس وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کی جانب سے مسلسل دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مئی 2025 کے اوائل میں پہلگام واقعے کے بعد ہونے والی جھڑپ میں بھارت کے کم از کم 6 جنگی طیارے، جن میں جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے، پاک فضائیہ نے مار گرائے۔ بھارت کی جانب سے اب تک اس دعوے کو مسترد کیا جاتا رہا ہے، لیکن پہلی بار کسی اعلیٰ فوجی افسر کی جانب سے اس حد تک تصدیق آنا، ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 9 مئی کو ایک بریفنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے ایئر مارشل اے کے بھارتی نے رافیل طیارے کے نقصان کے سوال پر کہا تھا کہ "نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں، اور میں اس سے زیادہ تفصیل نہیں دے سکتا کیونکہ اس سے دشمن کو فائدہ ہو سکتا ہے”۔