لاہور – پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو شخص ماضی میں "ڈیل” اور "این آر او” جیسے الفاظ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا رہا، وہی آج خود کسی ڈیل کی تلاش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اب سب کچھ جان چکی ہے، اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت سے سزا یافتہ اور مجرم اول قرار دیے جانے کے بعد ان کی سیاسی اخلاقی حیثیت ختم ہو چکی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے وزیر اعلیٰ مریم نواز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ 400 ووٹ لینے والی جماعت بھی اب دھاندلی کا شور مچا رہی ہے، جو خود ان کی شکست کا ثبوت ہے۔ بات کو آگے بڑھاتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے پاک فوج کی قربانیوں اور کارناموں کو سراہا اور کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن پر تاریخی فتح حاصل کی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔