لاہور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) لاہور میں واقع لیسکو کے دفتر میں ایک معمر خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور بدسلوکی کا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا، جس نے حکام کو فوری حرکت میں آنے پر مجبور کر دیا۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی پاور ڈویژن نے نہ صرف نوٹس لیا بلکہ ذمہ دار سیکیورٹی گارڈ کے خلاف فوری کارروائی بھی شروع کر دی۔
ایم وائے کے نیوز ٹی وی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق، پاور ڈویژن کے ترجمان نے اس شرمناک واقعے کو "ناقابل قبول انفرادی عمل” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی عزت و احترام اور ان کے قانونی حقوق کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق، معمر خاتون کی تذلیل میں ملوث سیکیورٹی گارڈ کو فوری طور پر معطل کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی رپورٹ تین روز میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پاور ڈویژن نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ گارڈ کو نوکری سے برخاست کرنے کے لیے ضروری قانونی کارروائی جاری ہے، اور ایسی روش اختیار کرنے والے کسی بھی اہلکار کو ملازمت میں رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ اس سانحے کے بعد پاور ڈویژن نے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صارفین کے ساتھ حسن سلوک، عزت اور شائستگی سے پیش آنا لازم ہے۔ دفاتر میں آنے والے عوام کے ساتھ بدتمیزی، دھونس یا بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔