کراچی ( ایم وائے کے نیوز ٹی وی) ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا تعلق لاہور سے تھا، اور ان کی لاش کو سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لواحقین سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حمیرا اصغر نے 2018 میں مذکورہ فلیٹ کرائے پر لیا تھا، تاہم وہ 2024 سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔ مکان مالک کی جانب سے عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا، اور عدالت کے حکم پر جب پولیس فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ بند پایا گیا۔ پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش دریافت کی۔ واقعے کے بعد عدالتی بیلف نے فلیٹ کو سیل کر دیا ہے جبکہ تحقیقات مختلف زاویوں سے جاری ہیں۔ پولیس نے مرحومہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے تاکہ موت کی ممکنہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔
پڑوسیوں کے مطابق حمیرا اصغر بلڈنگ کے دیگر رہائشیوں سے زیادہ میل جول نہیں رکھتی تھیں۔ ان کی زندگی خاموشی میں گزری، اور ان کا انتقال بھی ایسے حالات میں ہوا کہ کسی کو خبر نہ ہو سکی۔ واضح رہے کہ حمیرا اصغر نے پاکستانی رئیلیٹی شو ’تماشا گھر‘ کے پہلے سیزن میں شرکت کی تھی اور اپنے منفرد انداز سے ناظرین میں مقبول ہوئی تھیں۔