لاہور(ایم وائے کے نیوز ٹی وی) لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک افسوسناک اور انسانیت سوز واقعے نے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک خاتون جانوروں کو مار کر ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرتی رہی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا۔
اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمہ خانسا حسین کے گھر چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق خاتون جان بوجھ کر خرگوش جیسے پالتو جانوروں کو مارتی تھی اور سوشل میڈیا پر شیئر کر کے عوام کو جانور خریدنے پر اکساتے ہوئے نفسیاتی برتری دکھاتی تھی۔گرفتاری کے بعد پولیس نے ملزمہ کے گھر سے موجود پرندوں اور دیگر جانوروں کو تحویل میں لے کر وائلڈ لائف اور متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا ہے تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی مشاہدے میں ملزمہ کا ذہنی توازن درست نہیں لگتا جس پر اسے مینٹل اسائلم منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ماہرین اس کا مکمل طبی معائنہ کریں گے۔