میرپورخاص ( ایم وائے کے نیوز) میر پور خاص میں ایک 25 سالہ خاتون کو ملازمت کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ضلع کونسل عمرکوٹ کے رکن عبدالحکیم آریسر کو گرفتار کر لیا ہے اور عدالت نے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر ویمن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں دو افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں مرکزی ملزم عبدالحکیم آریسر کے ساتھ مکیش نامی دوسرا شخص بھی شامل ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ فی الوقت متاثرہ خاتون اور ملزم کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے جس کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ تاہم کیس میں متاثرہ خاتون نے پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد ظاہر کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ پولیس مقدمے میں سنجیدگی نہیں دکھا رہی اور اسے فون پر کیس واپس لینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
دوسری طرف گرفتار ملزم عبدالحکیم آریسر کا مؤقف ہے کہ اسے ضلع کونسل کا رکن ہونے کی وجہ سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔