اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — اسلام آباد میں چینی کی سرکاری قیمت 172 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ایکس مل ریٹ 165 روپے فی کلو طے کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ چینی کی سرکاری قیمت سے زائد وصولی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت جاری کی ہے کہ مارکیٹ میں چینی کی فروخت پر کڑی نگرانی کی جائے اور جو بھی دکاندار مقررہ قیمت سے زائد پر چینی فروخت کرتا پایا جائے، اس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ چینی خریدتے وقت ریٹ لسٹ چیک کریں اور اگر کوئی دکاندار اضافی رقم وصول کرے تو فوری طور پر انتظامیہ کو شکایت درج کروائیں۔
ادھر پنجاب حکومت نے بھی چینی کی قیمتوں کا تعین کر دیا ہے۔ 15 اکتوبر تک چینی کی ایکس مل قیمت 171 روپے جبکہ ریٹیل قیمت 179 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جو آئندہ چار ماہ تک نافذ العمل رہے گی۔ تاہم بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چینی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ آ سکی۔ شہر میں فی کلو چینی کی قیمت 190 روپے تک پہنچ گئی ہے، جب کہ مضافاتی علاقوں میں یہ قیمت 195 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی 183 روپے فی کلو دستیاب ہے، جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سپلائی چین میں مسائل اور ذخیرہ اندوزی کے باعث قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اور آئندہ چند دنوں میں ملک گیر سطح پر قیمت کنٹرول مہم شروع ہونے کا امکان ہے۔