بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک
آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ ان کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع سوراب میں بھی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ حاجیکہ گاؤں میں کیے گئے آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔













