یہ حیران کن واقعہ امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایتھنز میں پیش آیا، جہاں جارجیا یونیورسٹی کی 21 سالہ طالبہ کرسٹین سارجنٹ اپارٹمنٹ بلڈنگ کی آٹھویں منزل سے گرنے کے باوجود زندگی بچانے میں کامیاب رہیں۔
واقعہ 26 ستمبر کو پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کرسٹین آٹھویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ میں کھلی کھڑکی کے قریب صوفے پر رقص کر رہی تھیں کہ اچانک توازن بگڑنے کے باعث کھڑکی سے باہر جا گریں۔
پولیس کے مطابق خاتون عمارت کی دوسری منزل پر موجود احاطے میں ایک پول کے قریب جا گریں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے معلوم ہوا کہ گرنے کے دوران کرسٹین ایک دھاتی بینچ سے بھی ٹکرائی تھیں۔
پولیس کے مطابق بینچ کے کشن پر خون کے دھبے موجود تھے جبکہ بینچ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس بینچ نے خاتون کے زمین پر گرنے کی شدت کم کرنے میں کردار ادا کیا۔
کرسٹین کے دوستوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی اور بتایا کہ ان کی دوست کھڑکی سے گرنے کے بعد زمین پر بے حس و حرکت پڑی ہیں۔
خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری رہا۔ پولیس نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مجرمانہ معاملہ نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق کرسٹین سارجنٹ اسی اپارٹمنٹ بلڈنگ میں رہتی ہیں اور حادثے کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔ ان کے اہل خانہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔
کرسٹین کی بہن نے واقعے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بہن کی زندگی بچ جانے پر بے حد شکر گزار ہیں۔













