شہر کے تھانوں میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ
شہر کے تھانوں میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ان ڈیوائسز کے ذریعے ویڈیو کے ساتھ آڈیو بھی ریکارڈ کی جائے گی۔
خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز ایس ایچ او، محرر، فرنٹ ڈیسک، تھانوں کے صحن سمیت دیگر اہم مقامات پر نصب کی جائیں گی، جن کے ذریعے تھانوں کے اہم حصوں کی نگرانی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں اور سائلین کے درمیان ہونے والی گفتگو بھی ریکارڈ کا حصہ بن سکے گی۔ خفیہ ریکارڈنگ کا مقصد تھانوں میں کرپشن اور شہریوں سے بدسلوکی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں کے رویوں کی مؤثر نگرانی کرنا ہے۔
حکام کے مطابق ریکارڈنگ کو شہریوں کی شکایات کے ازالے، نگرانی اور احتساب کے عمل میں بطور ذریعہ استعمال کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تھانوں میں شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔













