ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تقریباً ایک سال قبل سیوریج پائپ لائن بچھانے کے لیے سڑک کی کھدائی کی گئی تھی، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود سڑک کو تاحال مکمل طور پر بحال نہیں کیا جا سکا۔
سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے موجود ہیں، جبکہ بعض مقامات پر سیوریج کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ سڑک کی خستہ حالی اور گڑھوں کے باعث موٹر سائیکل سواروں سمیت دیگر شہریوں کو حادثات کے خطرے کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کام کے لیے سڑک کی کھدائی کے بعد اسے بروقت بحال نہ کیے جانے سے روزمرہ آمدورفت میں مشکلات بڑھ گئی ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
اہل علاقہ نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن لنک روڈ کی مرمت اور بحالی کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے، سیوریج کے پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے اور سڑک کو شہریوں کے لیے محفوظ بنایا جائے۔













