اسلام آباد(ایم وائے کے نیوز ٹی وی) وفاقی دارالحکومت میں ٹیکس وصولی کی تاریخ میں نیا سنگِ میل عبور کرلیا گیا۔ اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے مالی سال 2024-25 کے دوران 21 ارب 34 کروڑ روپے کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کی، جو گزشتہ مالی سال 2023-24 کی وصولی 17 ارب 23 کروڑ روپے سے 4 ارب 11 کروڑ روپے زائد ہے۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کے مطابق ادارے نے رواں سال نہ صرف پچھلے تمام اہداف کو عبور کیا بلکہ پانچ سالہ کارکردگی میں ٹیکس کلیکشن کے عمل کو کئی گنا بہتر بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی، شفافیت اور سخت مانیٹرنگ نے اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسائز نے عوامی سہولت اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کے مثبت نتائج اب اعداد و شمار کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔