اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں نان فائلرز کے لیے ایک اہم اور سخت فیصلہ کرتے ہوئے بینکوں سے نقد رقم نکلوانے پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1 فیصد کر دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ اگر آپ نان فائلر ہیں اور بینک سے نقد رقم نکلواتے ہیں تو یکم جولائی 2025 سے 1 لاکھ روپے نکالنے پر اب 600 روپے کے بجائے 1000 روپے ایڈوانس انکم ٹیکس کی صورت میں کٹوتی کی جائے گی۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائلر بنانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ ملکی معیشت کو دستاویزی بنایا جا سکے۔ نئی ٹیکس شرح کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا اور یہ صرف نان فائلرز پر لاگو ہوگی، فائلرز اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔