کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور آج بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 300 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 57 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطحوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1 ہزار 971 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 6 ہزار 69 روپے ہوگئی ہے۔ جیولرز کے مطابق یہ اضافہ نہ صرف مقامی مارکیٹ کی طلب و رسد کا نتیجہ ہے بلکہ اس پر عالمی منڈی میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کا بھی براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔ عالمی بازار میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور سونا 21 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 3,345 ڈالر فی اونس پر پہنچ چکا ہے۔ عالمی سطح پر جاری معاشی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کی قیمت میں رد و بدل کو بھی سونے کی بڑھتی قیمتوں کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔