ملک بھر کے عوام پر ایک اور مہنگائی کا جھٹکا آنے والا ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج رات 12 بجے کے بعد سے اضافے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 6 روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے اضافے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی ممکنہ نئی قیمت 273 روپے 39 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اس متوقع اضافے کی بنیادی وجوہات ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ اور حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں تبدیلی ہیں۔ دوسری جانب ایک معمولی ریلیف کی خبر بھی ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 74 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 23 پیسے کمی کی امید کی جا رہی ہے۔ حکومت آج رات تک نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی، جس کے بعد آنے والے 15 دنوں کے لیے نئی قیمتیں نافذالعمل ہوں گی۔
بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 71 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں جس کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ سخت بیان ہے جس میں انہوں نے روس کو یوکرین پر حملہ بند نہ کرنے کی صورت میں مزید اقتصادی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔ اس صورتحال کے اثرات عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر فوری مرتب ہوئے ہیں، اور ان اثرات کی سب سے زیادہ ضرب پاکستان جیسے درآمدی معیشت والے ملک پر پڑ رہی ہے۔