قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں واقع ٹی ایچ کیو اسپتال میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 15 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب متاثرہ لڑکی اپنی چچی کے ہمراہ اپنے کمسن کزن کے علاج کے لیے اسپتال آئی تھی۔
لڑکی کے والدعبدالجبار نے پولیس میں دائر کی گئی اپنی درخواست میں بتایا کہ اسپتال کے ایک وارڈ بوائے ذیشان، نے ان کی بیٹی کو بہانے سے ورغلا کر اسپتال کی بالائی منزل پر لے گیا۔ وہاں ذیشان نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر لڑکی کے ہاتھ پاؤں باندھے اور اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ عبدالجبار کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی چچی نے اسے ڈھونڈتے ہوئے بالائی منزل پر پہنچ کر ملزم کو دیکھ لیا۔ پکڑے جانے کے خوف سے ذیشان نے عمارت سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ فی الحال وہ لاہور کے جناح اسپتال میں زیر علاج ہے۔
اس سنگین واقعے کے بعد، اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے