کراچی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) — کراچی کے علاقے کیماڑی میں 2022 میں پیش آنے والے ایک اندوہناک قتل کیس میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خاتون کو قتل کرکے سمندر میں پھینکنے والے مفرور ملزم کو دو سال بعد گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی اظہر جاوید کے مطابق مقتولہ نصیب زرینہ سال 2022 میں گھر سے معمول کے مطابق سودا سلف لینے نکلی تھیں لیکن واپس نہ آئیں۔ اگلے ہی روز ان کی لاش بابا بھٹ جزیرے کے قریب سمندر سے برآمد ہوئی تھی، جس پر تھانہ ڈاکس میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران کیس میں پیش رفت ہوئی اور ابتدائی طور پر ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم رحمان بلال واقعے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
ایس ایس پی اظہر جاوید نے بتایا کہ جیسے ہی ملزم رحمان بلال پاکستان واپس آیا، پولیس نے تکنیکی نگرانی اور انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر اس کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور اسے ایک خفیہ کارروائی کے دوران اس کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس میں مزید پیش رفت کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، اور امکان ہے کہ ملزمان کے مزید انکشافات آئندہ چند روز میں سامنے آئیں گے۔