نئی دہلی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) بھارتی شوبز انڈسٹری کا سب سے متنازع اور مقبول ریئلٹی شو "بگ باس” ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے، مگر اس بار وجہ تفریح نہیں بلکہ خوف، تجسس اور پراسرار اموات کا وہ سلسلہ ہے جس نے کئی ناظرین کو گہری سوچ میں ڈال دیا ہے۔ اداکارہ اور ماڈل ہمانشی خرانہ نے حالیہ دنوں میں ایک ایسا بیان دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ "مجھے لگتا ہے کہ بگ باس آسیب زدہ ہے۔”
یہ بیان ہمانشی نے اپنے ساتھی کنٹیسٹنٹ شیفالی جریوالا کی اچانک موت کے بعد دیا، جنہوں نے بگ باس سیزن 13 میں شرکت کی تھی اور اب 42 سال کی عمر میں پراسرار طور پر دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ہمانشی نے اپنی پوسٹ کے ساتھ شیفالی کے ساتھ یادگار تصویر بھی شیئر کی، جس نے اس معاملے کو مزید گہرا اور جذباتی بنا دیا۔ یہ محض ایک واقعہ نہیں، بلکہ "بگ باس” سے منسلک کئی ستارے وقت سے پہلے دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، کچھ نے خودکشی کی، کچھ پراسرار حالات میں فوت ہوئے، اور کچھ موت کی آغوش میں چلے گئے بظاہر نارمل بیماریوں کے باعث—مگر ان سب کے درمیان ایک قدر مشترک ہے: بگ باس۔
سیدارتھ شُکلا: بگ باس 13 کے فاتح، جنہیں لاکھوں دلوں کی دھڑکن کہا جاتا تھا، 2021 میں صرف 40 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی موت نے ان کے مداحوں کو صدمے سے دوچار کر دیا۔ ان کی شہرت اور صحت دونوں عروج پر تھیں، لیکن قسمت کچھ اور ہی لکھ چکی تھی۔
پراتیوشا بنرجی: بگ باس سیزن 7 کی شریک اور معروف ٹی وی اداکارہ، نے 24 سال کی عمر میں خودکشی کر لی۔ ان کی موت کو ذاتی مسائل سے جوڑا گیا، لیکن شوبز حلقے آج تک اس واقعے کو ایک دھند میں لپٹا ہوا راز سمجھتے ہیں۔
سوامی اوم: بگ باس 10 کے سب سے متنازع کنٹیسٹنٹ، 2021 میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، لیکن ان کی زندگی کا آخری عرصہ بھی مختلف بیماریوں اور تنہائی میں گزرا۔
سونالی فوگٹ: بگ باس 14 کی امیدوار اور بی جے پی رہنما، دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ ان کی موت نے بھی سب کو حیران کر دیا کیونکہ وہ نہ صرف نوجوان تھیں بلکہ بظاہر صحتمند بھی۔
سوماداس چٹھنور: بگ باس ملیالم میں شرکت کرنے والے گلوکار، کووڈ 19 کی لپیٹ میں آ کر جان کی بازی ہار گئے۔ جبکہ جے ایشری رمایہ نے خودکشی کر لی، اور ان کا جسم ایک بحالی مرکز میں لٹکا ہوا پایا گیا۔
یہ تمام اموات ایک سوال کو جنم دیتی ہیں۔ کیا یہ محض اتفاق ہے؟ یا پھر "بگ باس” کے گھر میں کوئی ایسا سایہ ہے جو اس میں حصہ لینے والے افراد پر اثر انداز ہوتا ہے؟ بعض سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ شو ذہنی دباؤ اور نفسیاتی الجھنوں کا گڑھ بن چکا ہے، جو حساس طبیعت رکھنے والے افراد کو اندر سے توڑ دیتا ہے۔ اگرچہ ان دعووں کی کوئی سائنسی یا ماورائی توجیہہ نہیں دی جا سکتی، لیکن بار بار سامنے آنے والی اموات اور ان کے حالات یقینی طور پر ایک ایسے پہلو کی طرف اشارہ کرتے ہیں جسے نظر انداز کرنا اب ممکن نہیں رہا۔