(ایم وائے کے نیوز ٹی وی) دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی سپر اسٹار ہانیہ عامر کی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ اپنی ریلیز سے پہلے ہی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے، مگر اس بار موضوع فلم کا مواد نہیں بلکہ بھارت میں اس کی ممکنہ نمائش پر اٹھنے والا تنازع ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کا براہِ راست اثر ایک بار پھر فن و ثقافت کے شعبے پر پڑا ہے، اور اس بار زد میں آئی ہے سرحد پار بننے والی یہ مشترکہ فلم، جس کے مرکزی کردار میں دلجیت اور ہانیہ جلوہ گر ہیں۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں جاری غیر اعلانیہ پابندی کے تحت پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کو اب بھی سخت ناپسند کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں دلجیت دوسانجھ کی اس فلم کو، جس میں انہوں نے پہلی بار کسی پاکستانی اداکارہ کے ساتھ اسکرین شیئر کیا ہے، ہندو انتہا پسند حلقوں کی شدید مخالفت کا سامنا ہے۔ بھارتی شدت پسند گروپوں نے دلجیت کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف حکومتی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جس کے بعد فلم ’سردار جی 3‘ کی بھارت میں ریلیز ممکن نظر نہیں آتی۔
ایم وائے کے نیوز ٹی وی سے وابستہ رپورٹر کے مطابق، حالیہ انٹرویو میں دلجیت دوسانجھ نے اعتراف کیا کہ فلم کی شوٹنگ فروری میں کی گئی تھی، اس وقت پاک بھارت تعلقات میں تناؤ نہیں تھا اور حالات خاصے نارمل تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ صورتِ حال فلم کے بننے کے بعد پیدا ہوئی، اور اس پر پروڈیوسرز نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ دلجیت کے بقول، ’’جب فلم سائن کی گئی، تب سب کچھ ٹھیک تھا، اب اگر بھارت میں ریلیز نہیں ہو سکتی تو یہ بات ہمارے ہاتھ میں نہیں۔‘‘ دلجیت دوسانجھ نے مزید کہا کہ فلم کے پروڈیوسرز شروع سے جانتے تھے کہ ایسی صورتحال میں مالی نقصان ہو سکتا ہے، لیکن اب فیصلہ یہی کیا گیا ہے کہ فلم کو دنیا بھر میں یعنی اوورسیز میں ریلیز کیا جائے گا تاکہ سرمایہ کسی حد تک واپس حاصل کیا جا سکے۔ دلجیت نے اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں پروڈیوسرز کے ساتھ ہوں۔‘‘
یاد رہے کہ ’سردار جی 3‘ ایک کامیڈی، فینٹسی اور ہارر سے بھرپور فلم ہے جس میں دلجیت کو ایک ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھوتوں کا پیچھا کرتا ہے۔ فلم کا پہلا گانا ’سونی لگ دی‘ اور ٹیزر پہلے ہی ریلیز کیے جا چکے ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خاصا پسند کیا جا رہا ہے۔ ہانیہ عامر نے بھی اس پروموشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اور انسٹاگرام پر فلم کا ٹیزر شیئر کر کے پاکستانی شائقین کو مزید پرجوش کر دیا ہے۔
اب یہ فلم دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کی جا چکی ہے، تاہم بھارت کے سنیما گھروں میں اس کی نمائش نہیں ہوگی۔ پاکستانی شائقین کے لیے یہ فلم فخر اور دلچسپی کا باعث بن گئی ہے، مگر بھارت میں موجود دلجیت کے مداحوں کو اسے دیکھنے کے لیے شاید دیگر راستے اختیار کرنا ہوں گے۔
بالی ووڈ (ایم وائے کے نیوز ٹی وی)کی مقبول ڈانسر اور اداکارہ شیفالی جریوالا کی اچانک اور افسوسناک موت نے…
)ایم وائے کے نیوز ٹی وی)اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ناظرین کے لیے ایک انتہائی دلچسپ اور غیر…
پشاور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) سانحۂ سوات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد خیبرپختونخوا حکومت حرکت…
لاہور (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف کی 12 سالہ مسلسل حکمرانی کے بعد کارکردگی…
اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سے متعلق…
چارسدہ (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) چارسدہ میں سوٹ کیس سے برآمد ہونے والی نوجوان لڑکی کی لاش کے…