لاہور (نیوز ڈیسک) – محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے ایام میں پنجاب اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ گرمی کی شدت کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جون تک درجہ حرارت 7 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ عید کے دنوں میں بعض علاقوں میں گرد و غبار اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خدشہ ہے، جو شہریوں کی صحت اور نقل و حرکت پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
ادارے کے مطابق گرمی اور خشک موسم کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ میں اضافہ اور بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں تیزی آ سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکام نے اسپتالوں، واٹر سپلائی اور ایمرجنسی سروسز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ طبی اور ماحولیاتی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔