کراچی (ایم وائے کے نیوز) – سندھ حکومت نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ موٹرسائیکل بغیر لائسنس چلانے پر 25 ہزار روپے اور کار چلانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جہاں انہوں نے کہا کہ غلط سمت (رانگ وے) پر موٹرسائیکل چلانے پر بھی 25 ہزار روپے کا چالان کیا جائے گا۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ چار سیٹر رکشوں پر مکمل پابندی کے لیے ترامیم کی منظوری دی گئی ہے، جب کہ صرف ون بائی ٹو سیٹر رکشے سڑک پر چلانے کی اجازت دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی کی صورت میں اگر گاڑی سرکاری ہو تو اسے 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ای چالانز کو گاڑی مالکان کے گھریلو پتوں پر ارسال کیا جائے گا تاکہ ان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ تمام ترمیمی قوانین اور رولز کا مسودہ سندھ کابینہ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔