ملک بھر میں مون سون کا تیسرا اسپیل شروع ہونے جا رہا ہے جس کے تحت آج 11 جولائی سے 17 جولائی تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے اس حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
13 سے 17 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یارخان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ادھر خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو 13 جولائی سے شروع ہو کر 17 جولائی تک جاری رہ سکتی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث ان علاقوں میں سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ریسکیو اداروں، نکاسی آب کے نظام اور ہنگامی امداد کی تیاریوں کو مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے