ایکس نے ریونیو شیئرنگ پروگرام ختم کرنے کا اعلان کردیا، نیا مونیٹائزیشن پروگرام متعارف
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام ختم کرنے اور اس کی جگہ نیا مونیٹائزیشن پروگرام ’اوریجنل کانٹینٹ ریورڈز‘ متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
ایلون مسک کے ایکس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، تاہم صارفین کی جانب سے مواد کے معیار میں کمی اور ریونیو شیئرنگ پروگرام کے حوالے سے شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئے پروگرام کے تحت ایسے صارفین کو آمدنی کا موقع دیا جائے گا جو ایکس پر نئے خیالات، مہارت، رپورٹنگ، تخلیقی مواد اور کمیونٹی کے لیے منفرد مواد فراہم کرتے ہیں۔
ایکس کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم پر پہلے سے موجود اچھے مواد کو ری شیئر کرنے کی اجازت برقرار رہے گی، تاہم نئے پروگرام کا مقصد اصل اور منفرد مواد کی تخلیق کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
کاپی یا ری اپ لوڈ مواد پر کمائی مشکل
موجودہ نظام میں بعض صارفین دوسرے افراد کے مواد کے اسکرین شاٹس یا ری اپ لوڈز کے ذریعے بھی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ نئے پروگرام کے ذریعے ایکس اس رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتا ہے۔
کمپنی کے مطابق موجودہ ریونیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر تک جاری رہے گا، جبکہ نئے پروگرام کا اطلاق 8 ستمبر سے ہوگا۔
نئے پروگرام کے لیے شرائط
نئے مونیٹائزیشن پروگرام میں شامل ہونے کے لیے بعض شرائط موجودہ پروگرام سے ملتی جلتی ہوں گی۔ صارف کا ایکس کے کسی سبسکرپشن پروگرام کا حصہ ہونا ضروری ہوگا۔
اس کے علاوہ نئی شرائط کے تحت:
- صارف کے فالوورز میں کم از کم 500 ویریفائیڈ صارفین ہونا ضروری ہوں گے۔
- گزشتہ 90 دن کے دوران کم از کم 5 لاکھ ہوم ٹائم امپریشنز حاصل کرنا ہوں گے۔
- آمدنی کے لیے مواد کا اصل اور منفرد ہونا ضروری ہوگا۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی اہلیت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا۔ گمراہ کن معلومات کی تشہیر اور ویوز بڑھانے کے لیے اے آئی بوٹس کے استعمال پر بھی نظر رکھی جائے گی۔
ایکس کا کہنا ہے کہ نئے پروگرام کا بنیادی مقصد پلیٹ فارم پر اوریجنل کانٹینٹ کو فروغ دینا اور کاپی یا ری اپ لوڈ کیے گئے مواد کے ذریعے آمدنی کے حصول کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔












