تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا اور مشعال یوسف زئی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔
مشعال یوسف زئی کی جانب سے ٹکٹ بیچنے کے الزام پر سلمان اکرم راجا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے پاس مقدمہ لڑنے کے لیے چار آنے بھی نہیں، وہ گھٹیا الزامات پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشعال یوسف زئی کو کس نے سینیٹر بنوایا، انہیں اس کا علم نہیں۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ سینیٹ سے متعلق ہدایات بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی تھیں۔ ان کے پاس مشعال یوسف زئی کو سینیٹ سے فارغ کرنے کا اختیار نہیں، تاہم پارٹی سے فارغ نہ کرکے انہوں نے درگزر سے کام لیا۔
دوسری جانب مشعال یوسف زئی نے دعویٰ کیا کہ سلمان اکرم راجا بانی پی ٹی آئی کے سامنے ایک بار معافی مانگنے کے بعد دوبارہ بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سلمان اکرم راجا انہیں پارٹی سے فارغ کرسکتے ہیں تو کرکے دیکھ لیں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی ورکر شاندانہ گلزار نے بھی سلمان اکرم راجا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیسوں سے متعلق غلط بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے آنے والے کروڑوں روپے کون کھا گیا؟ اگر اس کا پتا چل گیا تو کسی کا کچھ نہیں رہے گا۔













