انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی، پاک ترک دوستی کا بھرپور اظہار
انقرہ: ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ایک روز قبل بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ پاکستان ہاؤس میں منعقدہ پروقار تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز سمیت اعلیٰ ترک حکام، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی نائب صدر جودت یلماز تھے۔ تقریب میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند طاطلی اولو، بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل اور فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اولو سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور روایتی رقص پر مشتمل خوب صورت ثقافتی پروگرام پیش کیا، جسے شرکاء نے سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں ملک کی تاریخ، تہذیبی و ثقافتی ورثے، قدرتی حسن، سیاحتی امکانات اور سماجی و اقتصادی ترقی کو اجاگر کیا گیا۔
پاک ترک تعلقات سفارت کاری سے کہیں بڑھ کر برادرانہ رشتے ہیں: جودت یلماز
ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے جنگِ آزادیِ ترکیہ کے دوران ترک قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات روایتی سفارتی رشتوں سے کہیں آگے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی برادرانہ تعلق قائم ہے۔
جودت یلماز نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سطح پر تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جبکہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی تعاون کے فروغ کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
پاکستان کے سفیر کا قائداعظم کو خراجِ عقیدت
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے استقبالیہ خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تحریکِ پاکستان کے دوران دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی غیر معمولی حوصلے، ثابت قدمی، مسلسل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستانی قوم کو ملک کی ترقی، خوش حالی اور استحکام کے لیے اتحاد اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔
سفیرِ پاکستان نے کہا کہ پاک ترک تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ تاریخ، اقدار، باہمی اعتماد اور عوامی جذبات کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔
قائداعظم کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے تصویری نمائش
تقاریر کے اختتام پر نائب صدر جودت یلماز، سفیرِ پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید اور دیگر معزز شخصیات نے یادگاری گروپ فوٹو بنوایا۔
بعد ازاں ترک نائب صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
نمائش میں بانیٔ پاکستان کی زندگی، سیاسی بصیرت، قیادت، جدوجہد اور تاریخی ورثے کے مختلف پہلوؤں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان ہاؤس کے باغات میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں مہمانوں کی پاکستانی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔
انقرہ میں منعقدہ یہ تقریب پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی یادگار بننے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور مستقبل میں دوطرفہ و علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی بھرپور اظہار ثابت ہوئی۔













