آزاد کشمیر میں ن لیگ کو مخصوص نشستوں کے بعد دوتہائی اکثریت مل جائے گی، رانا ثناء اللّٰہ
اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کو دوتہائی اکثریت حاصل ہوجائے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں اکثریت سے حکومت بنائے گی، عام انتخابات میں ن لیگ نے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد پارٹی دوتہائی اکثریت حاصل کرلے گی۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 14 سے منتخب رکن اسمبلی ساجد اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ساجد اقبال آزاد کشمیر کی بہتری کے لیے مسلم لیگ ن کے ساتھ چلیں گے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال کو درست کرنے کے لیے عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا ہے، کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے اور اسمبلی مکمل اختیارات کے ساتھ کام کرے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھرنا دینے والے شہری ہمارے بھائی ہیں، دھرنے میں ایک سے ڈیڑھ فیصد لوگ اشتعال انگیز عناصر کے ساتھ ہوسکتے ہیں، جبکہ کشمیری بھی اتنے ہی پاکستان کے مالک ہیں جتنے دوسرے پاکستانی۔













