لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امتحانات میں خراب نتائج پر اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں جماعت نہم کے امتحانی نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے نتائج پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے طلبہ کی کارکردگی کو اساتذہ کی کارکردگی سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں امتحانات میں خراب نتائج پر اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی، نیا آرڈیننس لانے اور ہر جماعت میں ماہانہ و سالانہ امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو اگلے ہفتے مکمل ٹائم لائن اور ریفارمز پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نویں جماعت میں 20 فیصد سے کم نتائج والے اسکولوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے بہترین نتائج دینے والے اسکولوں کے لیے انعامات کا اعلان کرنے اور سرکاری اسکولوں میں سبجیکٹ اسپیشلسٹس کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے 45 روز میں ہیڈ ٹیچرز کی خالی آسامیاں پُر کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں تعلیمی لحاظ سے کمزور طلبہ کے لیے ایوننگ کوچنگ شروع کرنے اور اسکولوں کی مانیٹرنگ کے لیے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مریم نواز نے آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت طلبہ کے نتائج میں واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔












