سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف سنگین جرم اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہے، جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دہشت گردی کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس دوران پوری قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشت گرد عناصر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر ملک میں خوف و ہراس پھیلانا اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش اور ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی ہر کوشش کو قوم اور ریاستی ادارے مل کر ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق آپریشن عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی اپنے پیغام میں دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے کا عالمی دن ان معصوم شہریوں اور بہادر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کا دکھ اور ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی عزم، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ عزم کے ذریعے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور پاکستان میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔













