اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی صورت پی ٹی آئی کو اسلام آباد آ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی، حکومت احتجاج کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو آج تک پرامن احتجاج کرتے ہوئے نہیں دیکھا، پارٹی کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں، بصورت دیگر ایسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، کیونکہ اطلاعات تھیں کہ وہ امن و امان کی صورتحال خراب کریں گی۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے عطا تارڑ نے کہا کہ پارٹی میں بات کی جائے تو کس سے کی جائے؟ ان کے ہاں انچارج اور فیصلہ ساز کون ہے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرسٹر گوہر کی پارٹی میں کوئی نہیں سنتا۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے مذاکرات کی بات کی جاتی ہے، تاہم ان کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار نہیں۔ ان کے مطابق ایسے افراد سے مذاکرات کا نہ کوئی جواز ہے اور نہ ہی فائدہ، جبکہ انہیں پی ٹی آئی کی قیادت کی زبان پر اعتبار نہیں ہے۔













