لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو لاہور طلب کیا گیا ہے، جہاں وہ جلد پی سی بی حکام سے ملاقات کریں گے.
پاکستانی ٹیم 12 مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔ جہاں پہلے مرحلے میں 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 16 مارچ سے شروع ہوگی۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی تیاریوں کے لیے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ ایک مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا جا سکے۔ ابھی تک کسی کھلاڑی کا نام سامنے نہیں آیا، تاہم ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔