پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے آفیشل ترانے کے لیے گلوکار کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ اس سال بھی معروف گلوکار اور موسیقار علی ظفر ہی پی ایس ایل کا ترانہ گائیں گے۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی شائقین کرکٹ نہ صرف پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار کر رہے ہیں بلکہ لیگ کے آفیشل ترانے کے حوالے سے بھی بے حد پرجوش ہیں۔ پی ایس ایل ترانہ ہمیشہ سے ہی مداحوں کے لیے ایک خاص کشش رکھتا ہے اور شائقین اس کے ریلیز ہونے کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹر جاری کیا، جس میں علی ظفر کو نقاب میں دکھایا گیا ہے، جس سے یہ عندیہ دیا گیا کہ وہ ایک بار پھر پی ایس ایل کا ترانہ گانے جا رہے ہیں۔ البتہ، ترانے کے نام اور ریلیز کی تاریخ کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
علی ظفر اس سے قبل بھی کئی بار پی ایس ایل کے ترانے گا چکے ہیں، جن میں "سیٹی بجے گی”، "دل سے جان لگا دے” اور "اب کھیل جمے گا” جیسے مقبول گانے شامل ہیں۔ گزشتہ سیزن میں بھی پی ایس ایل کا اینتھم "کُھل کے کھیل” علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیا گیا تھا، جو شائقین میں بے حد مقبول ہوا تھا۔
پی ایس ایل سیزن 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا اور ایونٹ 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں منعقد کیا جائے گا۔ جیسے جیسے ٹورنامنٹ کا وقت قریب آ رہا ہے، شائقین کا جوش و خروش بھی بڑھ رہا ہے، اور اب علی ظفر کے نام کے اعلان کے بعد مداح مزید پرجوش ہو گئے ہیں کہ اس بار پی ایس ایل کا ترانہ کیا نیا رنگ لے کر آئے گا۔