اسلام آباد – پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (PTA) نے ملکی سلامتی اور قومی مفاد کے خلاف کام کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 1 لاکھ 19 ہزار 496 ویب سائٹس اور 3 ہزار 248 یوٹیوب چینلز کو بلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ملک کے ڈیجیٹل دفاع کو مضبوط بنانے اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والے منفی پروپیگنڈے کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔
یہ بلاکنگ مہم ان سائٹس اور چینلز کے خلاف کی گئی جو ریاستی اداروں، افواجِ پاکستان، عدلیہ اور ملکی نظریاتی بنیادوں کے خلاف مواد پھیلا رہے تھے۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق یہ تمام پلیٹ فارمز قومی سلامتی کے تقاضوں کے برخلاف سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ان کی مسلسل نگرانی کے بعد انہیں ڈیجیٹل طور پر محدود کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات اور رازداری کے اصولوں کی بنا پر بند کی گئی ویب سائٹس اور یوٹیوب چینلز کی فہرست عوام کے ساتھ شیئر نہیں کی جا سکتی۔ تاہم اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ جن پلیٹ فارمز کو بلاک کیا گیا وہ پاکستان کے آئینی، قانونی اور اخلاقی تقاضوں کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا کہ آن لائن پلیٹ فارمز پر ملکی سالمیت کے خلاف کسی قسم کی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کو ماہرین ایک "ڈیجیٹل کلین اپ آپریشن” قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں کو گمراہ کن بیانیے سے بچانا اور ملک میں سوشل میڈیا کا مثبت استعمال فروغ دینا ہے۔