سیول (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) —جنوبی کوریا میں جاری شدید اور غیر متوقع بارشوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، جہاں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور کئی شہری علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق مختلف مقامات پر ہونے والے حادثات میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ 1300 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد شامل ہیں جو اپنی رہائش گاہوں میں پھنسے ہوئے تھے، تیسرا شخص دیوار گرنے کے باعث ہلاک ہوا، جب کہ چوتھی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔شدید بارشوں کے سبب درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے فوری طور پر تمام حساس علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
جنوبی کوریا کی موسمیاتی ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملک کے مغربی ساحلی علاقوں میں بارش کا ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، اور سیوسان شہر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے جہاں صرف 12 گھنٹوں کے دوران 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بارشوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو الرٹ رہنے اور فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔