بھارت: لینڈ سلائیڈنگ سے 80 دیہات کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع
دہرادون: بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع رودر پریاگ میں شدید بارش کے بعد بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ سے 80 دیہات کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع رودر پریاگ میں گزشتہ روز شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے اور بھاری نقصان ہوا۔
رپورٹس کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، جس کے نتیجے میں تقریباً 80 دیہات کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
سڑکیں بند ہونے کے باعث مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی علاقوں میں شہری بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع رودر پریاگ میں مسلسل بارش کے باعث الکنندا اور منداکنی دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور دریاؤں کے کنارے آباد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی بھارت کی مختلف ریاستوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔












