واشنگٹن (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) – دنیا کی دو بڑی طاقتوں میں شامل امریکہ کی قیادت کی جانب سے پاکستان کی عسکری قیادت کو دی جانے والی غیرمعمولی عزت، عالمی منظرنامے پر نئی صف بندی کی عکاس بن رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس کے تاریخی کیبنٹ روم میں آج خصوصی ظہرانہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب مشرق وسطیٰ ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث شدید تناؤ کا شکار ہے، اور دنیا کی نظریں واشنگٹن پر جمی ہوئی ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ظہرانہ امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا اور اس موقع پر صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان بند کمرے میں ایک اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پاک امریکہ دفاعی تعلقات، افغان صورتحال، ایران اسرائیل جنگ کے پھیلاؤ کے خطرات، اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹیجک توازن جیسے حساس موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔
ظہرانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئندہ کی پالیسیوں پر روشنی ڈالیں گے، جس میں مشرق وسطیٰ میں امریکی کردار، ایران پر دباؤ کی حکمت عملی اور جنوبی ایشیا میں امریکی پالیسی کا خاکہ واضح کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع نے ایم وائے کے نیوز ٹی وی کو مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع کے ساتھ علیحدہ ملاقات کا بھی امکان ہے، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی میں شراکت، اور خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ پر تبادلہ خیال ہو گا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ دور حکومت میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی غیر ملکی آرمی چیف کو وائٹ ہاؤس میں باضابطہ مدعو کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دعوت پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی و سفارتی سطح پر گہرے تعلقات کی غمازی کرتی ہے اور ممکنہ طور پر نئی دفاعی شراکت داری کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ بین الاقوامی تجزیہ کار اس ملاقات کو جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی امریکی پالیسیوں کے تناظر میں ایک "گیم چینجر” کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کے لیے یہ موقع نہ صرف اپنی اسٹریٹیجک اہمیت اجاگر کرنے کا ہے بلکہ عالمی طاقتوں کے ساتھ توازن کے تحت اپنا کردار واضح کرنے کا بھی بہترین موقع ہو سکتا ہے۔