لاہور ( ایم وائے کے نیوز ٹی وی ) پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ لاہور میں وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ پانچ سال قبل ختم کیے گئے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا دوبارہ انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ آٹھویں کلاس کے لیے بورڈ امتحانات کا سلسلہ فوری طور پر بحال کیا جا رہا ہے جبکہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کے امتحانات انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ کی صورت میں لیے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت جاری کی کہ ایک ماہ کے اندر ان اسسمنٹ ٹیسٹس کا مربوط اور واضح طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانچویں سے ساتویں جماعت تک کے اندرونی امتحانات کا نظام مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کی کارکردگی کا درست اندازہ لگایا جا سکے اور انہیں اگلی جماعت میں جانے سے قبل بہتر تعلیمی تربیت دی جا سکے۔
یاد رہے کہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کو تعلیمی دباؤ کی شکایات اور دیگر پالیسی وجوہات کی بنیاد پر 5 سال قبل ختم کر دیا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر اس فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مضبوط اور نتیجہ خیز بنانے کی جانب قدم بڑھایا گیا ہے۔