اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے نے پوری شہر کو افسردہ کر دیا، جہاں تیز بارش کے بعد بننے والے زیر زمین برساتی نالے میں ایک گاڑی بہہ گئی، جس میں سوار باپ اور کمسن بیٹی تاحال لاپتہ ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں پر مشتمل سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے، مگر نہ تو گاڑی کا کوئی نشان ملا ہے اور نہ ہی باپ بیٹی کا سراغ۔ ذرائع کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاندان نجی سوسائٹی کے اندرونی راستے سے گزر رہا تھا کہ بارش کے پانی کے تیز بہاؤ میں گاڑی بے قابو ہو کر زیر زمین برساتی نالے میں جا گری۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ نالے کے راستے میں مکمل کھدائی کر کے کھوجی کتوں کی مدد سے بھی تلاش کی گئی، مگر تمام تر کوششیں بے سود رہیں۔ اس کے بعد سرچ آپریشن کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے، اور اب تلاش کا عمل کاک پل کے مقام پر جاری ہے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ممکنہ طور پر گاڑی نالے کے بہاؤ کے ساتھ بہتی ہوئی دریائے سواں تک پہنچ گئی ہو۔ اسی لیے اب سواں برج اور گورکھ پور کے نیچے جال بچھا دیے گئے ہیں تاکہ بہنے والی گاڑی یا افراد کو روکا جا سکے۔
اس کے علاوہ سی ڈی اے کی خصوصی کشتیوں کو بھی دریائے سواں میں اتار دیا گیا ہے جو کہ پانی میں گہرائی تک تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں پانی کے بہاؤ، موسم اور زمین کی ساخت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن طریقے سے لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہیں۔