جاپان کے چیبا میں ریکارڈ بارش، 4 افراد ہلاک، ایک لاپتا
ٹوکیو: جاپان کے مشرقی علاقے چیبا میں ریکارڈ توڑ بارشوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص لاپتا ہوگیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جاپانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ٹوکیو کے قریب واقع چیبا شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران 367 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ایک ماہ کی اوسط بارش سے تین گنا زیادہ ہے۔
شدید بارش کے باعث 25 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی، جبکہ خراب موسم کے باعث 7 ہزار سے زائد مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔
شدید موسمی صورتحال کے باعث درجنوں ٹرینیں منسوخ کردی گئیں جبکہ اہم شاہراہیں بھی بند ہوگئیں۔
حکام نے طوفانی بارش کے بعد چیبا میں ہنگامی صورتحال کا ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جاپانی فوج کی مدد بھی حاصل کرلی گئی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے مزید بارش اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔













